ممبئی 8؍اگست(ایس نیوز؍ایجنسی) نام نہاد اونچے سماج میں معمر شہریوں کو کن حالات سے گزرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ اس درد انگیز اور سنسنی خیز خبر سے لگایا جاسکتا ہے کہ اوشیوارہ کے علاقے میں امریکہ سے آنے والا ایک نوجوان جب اپنے گھر پہنچا تو گھر میں اسے اپنی ماں کا ڈھانچہ ملا۔ اس کی اطلاع جب پولیس کو دی گئی تو معمر خاتون کا ڈھانچہ فلیٹ سے پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس نے حادثاتی موت (اے ڈی آر) کا معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ممبئی کے لوكھنڈوالا علاقے کی ایک متمول سوسائٹی کی دسویں منزل پر واقع ایک فلیٹ میں آشا سہانی نامی یہ خاتون رہتی تھی، جبکہ اس کا بیٹا ریتوراج سہانی امریکہ میں آئی ٹی انجینئر ہے. ایک سال پہلے آخری بار اس کی ماں سے فون پر بات ہوئی تھی. اتوار کوجب وہ گھر پہنچا تو فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا.کافی محنت کے بعد بھی جب دروازہ نہیں کھلا تو اس نے ڈپلی کیٹ چابی سے دروازہ کھولا۔ فلیٹ کے اندر کا نظارہ دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے ۔ گھر میں ماں کی جگہ ان کا ڈھانچہ رہ گیا تھا۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ بھوک اور کمزوری سے آشا سہانی کی موت واقع ہوئی ہے.
آشا سہانی کے شوہر کیدار سہانی کی 2013 میں ہی موت ہو چکی ہے. ریتوراج اپنی فیملی سمیت امریکہ میں رہتا ہے.پولیس کے مطابق، آشا نے اپریل 2016 میں آخری بار بیٹے کو فون کر کے کہا تھا کہ وہ اب تنہائی میں نہیں رہنا چاہتی، اُس نے بیٹے کو اپنے پاس آنے کے لئے کہا یا پھر اُسے کسی ورددھا آشرم میں بھرتی کرنے کی درخواست کی تھی۔
پولس نے بتایا کہ آشا ساہنی کے نام پر بیلسکٹ ٹاور میں قریب 5 سے 6 کروڑ روپے کے دو فلیٹ ہیں۔
پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد پولس جائے وقوع پر پہنچی اور اس ڈھانچے کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈھانچہ کو دیکھ کر ایسا نہیں لگتا کہ خاتون کو قتل کیا گیا ہے۔اُنہیں شک ہے کہ غالباً بھوک کی وجہ سے اس معمر خاتون کی موت واقع ہوئی ہوگی، مگر حتمی رپورٹ کے لئے پولیس پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔
اس ضمن میں ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ڈھانچہ دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ آشا سہانی کی موت کچھ ہفتے پہلے ہوئی ہے اور اس سلسلے میں حادثاتی موت کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کو معمر خاتون کے جسم پر کوئی زخم وغیرہ کا نشان نہیں ملا ہے اور چونکہ فلیٹ کا دروازہ بھی اندر سے بند تھا، اسلئے اس نے قتل کی بھی تردید کی ہے۔